Fact Check: ملک میں ایچ ایم پی وی کیسز میں اضافہ کے بیچ لاک ڈاون کے دعوے کی جانئے پوری حقیقت
وزیراعظم نریندر مودی کا کووڈ۔19 لاک ڈاون کا ویڈیو شئیر کرتے ہوئے دعویٰ کیا جارہا ہیکہ ایچ ایم پی وی کیسز میں اضافہ کے پیش نظر ملک میں لاک ڈاون لگایا جارہا ہے۔
Claim :ایچ ایم پی وی کیسز میں اضافہ کے پیش نظر ملک بھر میں 21 روزی لاک ڈاون نافذ کیا جارہا ہے
Fact :کووڈ۔19 کے بعد نافذ لاک ڈاون کے سرکاری اعلان کا ویڈیو فرضی دعوے کے ساتھ وائرل
کورونا وائرس کے بعد بھارت کو ایک اور وائرس کا خطرہ لاحق ہے۔ اس نئے وائرس کا نام ہیومن میٹا نمونیا وائرس یا HMPV ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق کورونا وائرس کے مقابلے یہ وائرس انتہائی مہلک نہیں ہے اور احتیاطی تدابیر سے اس سے بچا جاسکتا ہے۔ 15 جنوری 2025 تک ملک بھر میں ایچ ایم پی وی کے 15 کیسز سامنے آئے ہیں۔
ایچ ایم پی وی وائرس کے کیسز میں بتدریج اضافے کے بعد پریس انفارمیشن بیورو نے عوام سے اپیل کی ہیکہ وہ گھبرائیں نہیں کیوں کہ یہ نیا وائرس نہیں بلکہ یہ 2001 سے دنیا بھر میں موجود ہے۔ اس بیچ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وزیر اعظم نریندر مودی کے ویڈیو کلپ کو شئیر کرتے ہوئے دعویٰ کیا جارہا ہیکہ وزیر اعظم مودی نے 'آج رات 12 بجے سے ملک بھر میں تین ہفتے یعنی 21 دن کے لاک ڈاون کا اعلان کیا ہے۔ "
وائرل فیس بک پوسٹ میں شامل کیپشن میں بتایا گیا ہے۔ " 21 दिन का होगा लॉकडाउन, भारत में मिला एचएमपीवी वायरस का पहला केस, 8 महीने का बच्चा हुआ संक्रमित "
ترجمہ: "21 دن کا ہوگا لاک ڈاون۔ بھارت میں ایچ ایم پی وی وائرس کا پہلا کیس درج، 8 ماہ کا بچہ متاثر۔"
وائرل پوسٹ کا لنک یہاں اور آرکائیو لنک یہاں ملاحظہ کریں،
وائرل پوسٹ کا اسکرین شاٹ یہاں دیکھیں۔
فیکٹ چیک:
تلگو پوسٹ کی فیکٹ چیک ٹیم نے اپنی تحقیق کے دوران وائرل پوسٹ میں کئے گئے دعوے کو فرضی پایا۔
سب سے پہلے ہم نے موزوں کیورڈس کی مدد سے گوگل سرچ کیا تاہم ہمیں بھارت میں لاک ڈاون سے متعلق کسی معروف اور معتبر ادارہ یا سرکاری ادارے کی جانب سے کوئی مستند خبر نہیں ملی۔ پریس انفارمیشن بیورو کی طرف سے بھی ایسا کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔
پھر ہم نے وائرل پوسٹ میں شامل وزیراعظم کی ویڈیو کلپ کے کلیدی فریمس اخذ کئے اور گوگل ریورس امیج سرچ ٹول کی مدد سے سرچ کیا تو ہمیں 24 مارچ 2020 کا 'آج تک' میڈیا ادارہ کا ویڈیو ملا، جس میں دیکھا جاسکتا ہیکہ وزیر اعظم نریندر مودی ملک بھر میں رات 12 بجے سے لاک ڈاون کا اعلان کررہے ہیں۔
ہم نے پی ایم انڈیا کے آفیشئیل ویب سائیٹ پر سرچ کیا تو وہاں ہمیں وزیر اعظم مودی کا کووڈ۔19 سے متعلق قوم سے خطاب کے نام سے ایک رپورٹ ملی جس میں وزیر اعظم کو وائرل کلپ میں دکھایا گیا ویڈیو ملا۔
پی ایم او انڈیا کے یوٹیوب چینل پر وزیر اعظم مودی کے قوم سے خطاب سے متعلق ویڈیو میں 6.55 کے ٹائم اسٹامپ کے بعد سے وزیر اعظم مودی کو کورونا وائرس کے پھیلاو کے پیش نظر ملک بھر میں لاک ڈاون کے نفاذ کا اعلان کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
حالیہ دنوں میں مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا نے ایک ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے عوام کو تیقن دیا کہ وزارت صحت اور اس سے منسلک شعبہ جات ایچ ایم پی وی سے نمٹنے کے اہل ہیں اور یہ وائرس کوئی نیا وائرس نہیں ہے۔
میڈیا رپورٹس اور جانچ پڑتال سے واضح ہوگیا کہ ملک میں ایچ ایم پی وی کے کیسز دو درجن کے آس پاس ہیں اور اس وائرس کا حوالہ دیکر ملک بھر میں لاک ڈاون نافذ کئے جانے کا دعویٰ فرضی ثابت ہوا۔