Fact Check:کیا آگ اگلنے والا پرندہ بنا لاس اینجلس کے جنگلات میں آتشزدگی کی وجہ؟ جانئے سچائی
لاس اینجلس میں مہیب آتشزدگی کے بیچ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیووائرل ہورہا ہے جس میں وی ایف ایکس کے پرندے کا فوٹیج دکھاکر دعویٰ کیا جارہا ہیکہ پرندے نے آگ لگائی ہے۔
Claim :آگ اگلنے والے پرندے نے لاس اینجلس کے جنگلات میں آگ لگائی
Fact :وائرل ویڈیو میں ویژوول ایفکٹس سے پرندے کو آگ اگلتا ہوا دکھایا گیا ہے
امریکہ کی کیلی فورنیا ریاست کا معروف شہر لاس اینجلس گذشتہ ایک ہفتہ سے مہب آتشزدگی کا شکار بنا ہوا ہے۔ اسکے جنگلات میں لگنے والی آگ بے قابو ہو چکی ہے جس کے نتیجے میں اب تک 24 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اورمتاثرہ علاقوں میں ہزاروں افراد اپنے مکان خالی کرچکے ہیں۔
تازہ اطلاعات کے مطابق، فائر فائٹروں کو آگ بجھانے میں خاطرخواہ کامیابی ملی ہے تاہم، لاس اینجلس کی مئیر کیرن بیاس کا کہنا ہیکہ آگ پر ابھی پوری طرح سے قابو نہیں پایا گیا ہے۔ ابھی تک آگ لگنے کی کوئی حقیقی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ لیکن دعویٰ کیا جارہا ہیکہ پالی سادیس علاقہ میں آگ وہیں سے شروع ہوئی جہاں نئے سال کی تقریبات کے موقع پر پٹاخے اور فائرورکس چھوڑے گئے تھے۔ اس بیچ، سوشل میڈیا پر یہ بھی دعویٰ کیا جارہا ہیکہ "آگ اگلنے والے پرندے نے لاس اینجلس میں آگ لگائی ہے۔"
فیس بک صارف ' سوشلسٽ محرابپوري' نے اپنے اکاونٹ پر اس ویڈیو کو شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ "لاس اینجلس امریکہ میں لگنے والی آگ ایک پرندے نے لگائی" ہے۔ اس یوزر کے 10 ہزار سے زائد فالوورس ہیں اور 32 فالوورس نے اسے دوبارہ شئیر کیا ہے۔ یہ ویڈیو فیس بک کے علاوہ دیگر پلیٹ فارمس پربھی بڑے پیمانے پر شئیر کیا جارہا ہے۔
یہاں وائرل دعوے کا لنک اور اسکرین شاٹ ملاحظہ کریں۔
فیکٹ چیک:
تلگو پوسٹ کی فیکٹ چیک ٹیم نے اپنی جانچ پڑتال میں پایا کہ وائرل ویڈیو میں دکھایا گیا پرندہ معمولی سا پرندہ ہے اور یہ ترمیم شدہ ویڈیو کافی دنوں سے انٹرنیٹ پر موجود ہے۔
ہم نے اپنی تحقیق کا آغاز کرتے ہوئے InVid ٹول کی مدد سے پہلے وائرل ویڈیو کے کلیدی فریمس حاصل کئے اور پھر انہیں گوگل ریورس امیج سرچ کی مدد سے تلاش کیا۔ ہمیں کئی ایک نتائج ملے جن سے پتہ چلا کہ ویڈیو میں دکھائے پرندے کا نام 'سدرن لاپ ونگ' جسے برازیل میں 'کوئیرو۔کوئیرو' کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔
وکی میڈیا کامنس پر آپ اس پرندے کی صاف شفاف تصویر ملاحظہ کرسکتے ہیں۔
اس پرندے کے پرتگالی نام سے یوٹیوب پر سرچ کرنے پر ہمیں وائرل ویڈیو کلپ کا حقیقی ویڈیو ملا۔ یہ ویڈیو Fabricio Rabachim نامی چینل پر 14 دسمبر 2020 کو پہلی بار پوسٹ کیا گیا تھا۔ اس ویڈیو کی تفصیل میں بتایا گیا ہیکہ "بہت کم لوگ اس پرندے کی طاقت سے واقف ہیں۔"
فیابریشیونے بھلے ہی پرندے کے ویڈیو میں پوری جانکاری نہ دی ہو، تاہم انہوں نے اپنے چینل کے 'اپنے بارے میں' کے سیکشن میں بتایا ہیکہ وہ ایک خودساختہ ویژوول ایفکٹس [ VFX ] آرٹسٹ ہیں۔
خبررساں اداری اے ایف پی کی فیکٹ چیک یونٹ نے دسمبر 2021 میں اسی طرح کے ایک فرضی دعوے کی جانچ پڑتال کی تھی۔ اس ضمن میں ٹیم کے رکن نے فیابریشیو سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ یہ 'کمپیوٹرجنریٹیڈ" ایفکٹس ہیں۔ اور انہوں نے برازیل کے بڑے شہر ساوپالو کے آئی بیراپوئیرہ پارک میں 'کوئیرو۔کوئیرو' نامی پرندے کی حرکت کو شوٹ کیا تھا۔
تحقیق سے پتہ چلا کہ دنیا میں 'آگ اگلنے والا' ایسا کوئی پرندہ نہیں پایا جاتا۔ وائرل ویڈیو میں دکھایا گیا پرندہ دراصل 'سدرن لاپ ونگ' ہے جس برازیل کے وی ایف ایکس آرٹسٹ نے کمپیوٹر ٹکنالوجی کی مدد سے 'آگ اگلتا ہوا' دکھایا تھا۔ لہذا وائرل دعویٰ فرضی پایا گیا۔